Friday, 28 February 2025

سپریم کورٹ آئینی بنچ میں 5 ججز کا اضافہ، جسٹس منصور اور جسٹس منیب سمیت پی ٹی آئی ارکان کی مخالفت


 اسلام آباد:سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں ججز کی تعداد 8 سے بڑھا کر 13 کردی گئی، جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس منصور، جسٹس منیب اور پی ٹی آئی ارکان نے مخالف کردی۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں مزید 5 ججز کو شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی جس کے بعد آئینی بینچ میں 5 ججز کا اضافہ کر دیا گیا بعدازاں تعداد 8 سے بڑھ کر 13 ہوگئی۔


ان ججز میں جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس عامر فاروق، جسٹس شکیل احمد، جسٹس اشتیاق ابراہیم،  اور جسٹس صلاح الدین پنہور شامل ہیں۔


بلوچستان سے جسٹس ہاشم کاکڑ، اسلام آباد سے جسٹس عامر فاروق، کے پی سے جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس شکیل احمد، سندھ سے جسٹس صلاح الدین پنہور آئینی بینچ کا حصہ بنے ہیں۔


ذرائع کے مطابق آئینی بینچ میں مزید پانچ ججز کو شامل کرنے کی منظوری اکثریت سے دی گئی تاہم جسٹس منیب اختر، جسٹس منصور علی شاہ نے مخالفت کی، پی ٹی آئی کے دو ممبران علی ظفر اور بیرسٹر گوہر نے بھی مخالفت کی۔


ذرائع کے مطابق چاروں ممبران نے رائے دی کہ سپریم کورٹ کے تمام ججز کو آئینی بینچ میں شامل کیا جائے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی بینچ میں مزید پانچ نام شامل کرنے کی رائے آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے دی، پی ٹی آئی نے آئینی بنچ میں ججز شامل کرنے کیلئے طریقہ کار طے کرنے کا مطالبہ کیا۔


جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں پی ٹی آئی کا موقف تھا کہ آئینی بینچ میں کون سے ججز ہوں گے یہ اختیار آئینی بینچ کے سربراہ کے پاس نہیں ہونا چاہیے، آئینی بینچ کے سربراہ صرف یہ کہہ سکتے ہیں انہیں کتنے جج درکار ہیں، کون سا جج آئینی بینچ میں شامل ہوگا یہ جوڈیشل کمیشن اکثریت سے طے کرے گا۔


ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بنچ کیلئے تین مزید ججز نامزد کر دیے گئے، جسٹس ریاضت سحر، جسٹس نثار احمد بھمبھرو اور جسٹس عبدالحامد  سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بنچ کا حصہ ہوں گے۔


جوڈیشل کمیشن آف پاکستان


جوڈیشل کمیشن کا اعلامیہ جاری


جوڈیشل کمیشن کے منعقدہ تین اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق پہلے اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ میں اضافی ججوں کی تعیناتی کا معاملہ زیر غور آیا اورکمیشن نے لاہور ہائی کورٹ میں اضافی ججوں کے لیے4 ناموں کی منظوری دی۔


اعلامیے میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز راجا غضنفرعلی خان، تنویر احمد شیخ، طارق محمود باجوہ اور عبہر گل خان کو لاہور ہائی کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دی گئی۔


اس حوالے سے بتایا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ میں اضافی ججوں کی تعیناتی کی منظوری اکثریت رائے سے دی گئی۔


جوڈیشل کمیشن کے دوسرے اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ میں ججوں کی شمولیت کا معاملہ زیر غور آیا، جوڈیشل کمیشن نے تین ججوں کی سندھ ہائی کورٹ آئینی بینچ میں شمولیت کی منظوری دی۔


اعلامیے کے مطابق جسٹس ریاضت علی سحر، جسٹس عبد الحامد بھرگڑی، جسٹس نثار احمد بھمبھرو کی آئینی بینچ میں شمولیت کی منظوری دی گئی، سندھ ہائی کورٹ آئینی بینچ میں مزید ججوں کی شمولیت کی منظوری کثرت رائے سے دی گئی۔


جوڈیشل کمیشن کے تیسرے اجلاس میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں مزید ججوں کی شمولیت کا معاملہ زیر غور آیا، کمیشن نے سپریم کورٹ کے پانچ ججوں کی آئینی بینچ میں شمولیت کی منظوری دی۔


سپریم کورٹ کے جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس صلاح الدین پنہور، جسٹس شکیل احمد، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس اشتیاق ابراہیم کی بھی آئینی بینچ میں شمولیت کی منظوری دی گئی۔


اعلامیے میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ آئینی بینچ میں ججوں کی شمولیت کی منظوری کثرت رائے سے دی گئی ہے۔


مزید بتایا گیا کہ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں ججوں کی تعیناتی سے متعلق طریقہ کار بنانے کے لیے کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے آئینی بینچوں میں ججوں کی شمولیت کے لیے بھی طریقہ کار بنائے گی۔



No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Your Ad Spot